دو لاکھ پچاس ہزار میں حج کرانے والے 19 آپریٹرز کو کوٹہ دینے کا حکم

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک حج کروانے والی 19 کمپنیوں کو کوٹہ الاٹ کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور سستا حج کروانے والے ٹور آپریٹرز کو کوٹہ الاٹ کرنے کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے درخواست گزار کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیدیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ سستا حج کروانے والے ٹورآپریٹرز کو کوٹہ دیا جائے۔ وزارت مذہبی امور کے افسر نے کہا کہ عدالت حج کے اخراجات مقرر کر دے۔چیف جسٹس نے قرار دیا کہ عدالت کا کام اخراجات کا تعین کرنا نہیں۔

عدالتی سماعت کا مقصد ہے کہ حج ہر شحض کی پہنچ میں ہو۔عدالت نے حج اخراجات مقرر کرنے کی وزارت مذہبی امور کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ 2لاکھ پچاس ہزار روپے تک حج کروانے والے 19ٹور آپریٹرز کو کوٹہ الاٹ کیا جائے جس کے بعد کیس کی مزید ماعت 26 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔