پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سینتیس رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کرس گیل کے جلد آوٹ ہوجانے کے بعد جے چارلس کے اناسی اور پولارڈ کے ستر رنز کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے دو سو تینتیس رنز کا ہدف ملا۔ جواب میں پاکستان کا آغاز کچھ خاص نہ رہا اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم اڑتالیسویں اوور میں ایک سو پچانوے رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق نے انتالیس رنز بنائے جبکہ احمد شہزاد سینتیس، عمر اکمل اکتیس اور محمد حفیظ ستائیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پہلے ون ڈے کے ہیرو شاہد آفریدی کچھ خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بوم بوم صرف چودہ رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔