نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے آغاز کیلئے ماحول ساز گار نہیں ہے لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی کے باعث تعلقات معمول پر آنے کے بھی فوری کوئی امکانات نہیں ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ ہم اس وقت مذاکرات کی بحالی کے اسٹیج پر نہیں ہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ اس وقت کمپوزٹ ڈائیلاگ کے ذریعے ہی امن مذاکرات کی جانب پیش رفت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر اس وقت صورتحال کشیدہ اور پریشان کن ہے اور اگرچہ فوج اور وزیر دفاع اس معاملے سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں تاہم یہ مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تیز رفتاری سے معمول پر لانے میں معاون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان معمول کی کچھ چیزیں ہو رہی ہیں اور یہ آگے بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہمارے سیاسی رہنما دو طرفہ مذاکرات کی بحالی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے تعلقات کی بہتری کے عندیہ پر خیر مقدم کرتے ہیں۔