حکومت پنجاب کی ہدایات
Posted on March 27, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
جھنگ ( بیوروچیف)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے تیل، گھی،دودھ اور دیگر اشیائے ضروریہ میں رکاوٹ کی روک تھام اور قانونی کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ کوآلٹی کنٹرول کمیٹی برائے خوراک کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے مراسلہ کے تناظرمیں ڈسٹرکٹ کوآلٹی کنٹرول کمیٹی برائے خوراک کا چیئرمین ڈی سی او ،ای ڈی او ہیلتھ سیکرٹری جبکہ ای ڈی او زراعت ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر،ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر ، ڈی او انٹر پرائزرز اور ڈسٹرکٹ آفیسر پراسیکیوشن ممبران ہونگے۔ڈی سی او نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کو صاف ستھری ملاوٹ سے پاک اورحفظان صحت کے مطابق خوراک مہیا کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب فوڈ رولز 2007ء کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی قائم کر رکھی ہے اس کا دائرہ اختیار مرحلہ وارصوبہ کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے تاہم فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے ڈسٹرکٹ کوآلٹی کنٹرول کمیٹی برائے خوراک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو خوراک میں ملاوٹ کے مقدمات کی جانچ پڑتال اورمتعلقہ سرکاری اہلکاروں کی ناقص کارکردگی کے حوالہ سے محکمہ صحت کی وساطت سے کیبنٹ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ارسال کریگی ۔ڈی سی او راجہ خرم شہزاد رعمر نے کہا کہ محکمہ صحت کا اس ضمن میں تعینات عملہ کم ہونے کے باعث پنجاب پیور فوڈ آرڈنینس 1960ء کے تحت بالحاظ عہدہ فوڈ انسپکٹر کے اختیار ات ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک، ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسر اور تمام سینئر اور جونیئر ویٹرنری آفیسر کو سونپ دیئے گئے ہیں۔انہوںنے مزید بتایا کہ خوراک کے نمونہ جات گورنمنٹ آف پنجاب کی چھ لیبارٹریوں میں بھجوائے جائینگے اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے تحت اس ضمن میں بھر پور ایکشن شروع کیا جائیگا۔
مزید برآں ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران افسران کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کو ہدایات دی کہ وہ تمام مجسٹریٹس کی بیٹس (علاقہ دائرہ اختیار)کا فوری طور پر تعین کریں اور اسسٹنٹ کمشنر ز سمیت تمام افسران کے سبزی و پھل منڈیوں اور دیگر انسپکشن کے پروگرا م ان کے سٹاف افسر کو جمع کروائیں۔اس موقع پر ڈی سی او نے سیکرٹری ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو تاکید کی کہ وہ ٹرانسپورٹروں کے بیانات کی بجائے اضافی کرایوں کا از خود جائزہ لیا کریں اور کسی گاڑی میں ایل پی جی سلنڈر یا زائد المعیاد سی این جی سلنڈر ہرگز نظر نہ آئیں ۔ انہوںنے افسرا ن کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے صبر کو نہ آزمائیں اپنا قبلہ درست کریں ورنہ ہر قسم کی کاروائی کیلئے خود کو تیار کر لیں کیونکہ حکومت کی پالیسی کے تحت عوام کو ریلیف دینے میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔