جنوبی افریقہ(جیوڈیسک)جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو چونتیس رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔ شاہد آفریدی کی اٹھاسی رنز کی دھواں دھار اننگز بھی رائیگاں گئی۔ وہاب ریاض میچ کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اسکے ابتدائی دو کھلاڑی صرف بیالیس کے اسکور پر آوٹ ہوگئے۔ دونوں بیٹسمینوں کو محمد عرفان نے پویلین کی راہ دکھائی۔ جس کے بعد ہاشم آملہ اور کپتان اے بی ڈیویلیر نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ دو سو اڑتیس رنز کا اضافہ کیا۔
آملہ ایک سو بائیس اور ڈویلیر ایک سو اٹھائیس رنز بناکرآوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو تنتالیس رنزبنائے۔ وہاب ریاض سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے دس اوورز میں بانوے رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر ناصر جمشید دس رنز بناکر کیچ آوٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ اور کامران اکمل نے کچھ مزاحمت کی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں بیاسی رنز جوڑے۔کامران اکمل تیس رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئے تو قومی ٹیم ایک بار پھر ڈگمگا گئی اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
ایک سو بتیس پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد آفریدی نے برق رفتار اننگز کھیل کر شائیقن کو پر جوش کیا لیکن وہ اٹھاسی رنز بناکر کیچ آوٹ ہوگئے۔ جس کے بعد صرف وہاب ریاض نے جنوبی افریقہ کے بائولروں کا جم کر مقابلہ کیا انہوں نے پینتالیس رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم تین سو نو رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔