لاہور (جیوڈیسک) چین میں ہونے والی انڈر ٹونٹی ون ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم بیجنگ روانہ ہو گئی۔ بیجنگ میں ہونے والی عالمی جونئیر انڈر 21سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محسن امین، عامر طارق، حمزہ اکبر اور محمد ماجد شرکت کریں گے۔
سنوکر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ بھی قومی ٹیم کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہوئے۔ چیمپئن شپ 11 جولائی سے شروع ہو گی۔ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے جانے والے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے اچھی تیاری کی ہے۔ قومی ٹیم چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔