لاس اینجلس (جیوڈیسک) امریکی باکس آفس پر اس ہفتے بھی دا بٹلر کا راج برقرار رہا۔ وائٹ ہاوس میں امریکی صدور کی خدمت پر مامور ایک سیاہ فام ملازم کی زندگی پر بنی فلم لی ڈینئیلز، دا بٹلرLee Daniels The Buttler نے اس ہفتے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمائے۔ فاریسٹ ویٹے کر اور اوپراہ ونفری کی شاندار اداکاری سے سجی یہ فلم اب تک پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔ اس ہفتے دوسرے نمبر پر رہی منشیات کی اسمگلنگ کے لیے اپنا ایک جعلی خاندان بنانے والے شخص کی کہانی کامیڈی فلم وی آر دا ملرز۔
اس فلم نے اس ہفتے امریکی باکس آفس پر ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔وی آر دا ملرز اب تک مجموعی طور پر 9 کروڑ ڈالر سے زائد کما چکی ہے۔ امریکی باکس آفس پر اس بار تیسرے نمبر پر رہی نئی ایکشن فلم دا مورٹل انسٹرومنٹس، سٹی آف بونز۔ یہ کہانی ہے ایک ایسی لڑکی کی جس پر یہ انکشاف ہوتا ہے کہ دنیا کو برائی کی طاقتوں سے بچانا اس کی ذمہ داری ہے۔ اس فلم نے ریلیز کے پہلے تین دنوں میں 93 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا ہے۔