اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاونت کے لیے 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی وزیر دفاع چگ ہیگل نے پاکستان کو کولیشن فنڈ سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امداد میں سے 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یہ رقم فروری میں ملنے کا امکان ہے، رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ملنا ہے تاہم ابھی تک 30 کروڑ ڈالر ملے ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان میری ہارف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی گرفتاری بلا جواز ہے تاہم گزشتہ ہفتے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط امریکی کانگریس کے منظور کیے گئے مالیاتی بل پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔