نیویارک (جیوڈیسک) سابق ورلڈ چیمپئن ماریہ شیرا پووا یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ روجر فیڈرر اور ڈیوڈ فیریر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ نیویارک سٹی میں جاری سیزن کے آخری گرینڈ سلیم میں مینز سنگلز مقابلے ہوئے۔
ویمنز سنگلز کے چوتھے راؤنڈ میں روس کی سٹار کھلاڑی ماریہ شیراپووا کو ڈنمارک کی کیرولین ووزنائیکی سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ووزنائیکی کو شیرا پووا کے خلاف چھ چار ، دو چھ اور چھ دو سے فتح حاصل ہوئی۔
مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں سوئس سٹار روجر فیڈرر نے سپینش حریف مارسل گرانولرز کو کانٹے کے مقابلے میں شکست دی ۔ سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر کو چار چھ ، چھ ایک ، چھ ایک اور چھ ایک سے کامیابی حاصل ہوئی۔
سپین کے ڈیوڈ فیرر بھی فرانس کے جائیلز سائمن کو زیر کر کے اگلے راؤنڈ میں پہنچے۔ آسٹریا کے ڈومینیک تھیم نے سپین کے فیلیسیانو لوپیز کو آؤٹ کلاس کر کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی۔ جبکہ بلغاریہ کے گریگر دمیتروو بھی بیلجئیم کے ڈیوڈ گوفن کو مات دیکر اگلے راؤنڈ میں پہنچے۔