اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں آم کی پیداوار بڑھانے کیلئے مدد فراہم کرے گا امریکی امداد سے فارموں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 75 فیصد اضافہ ہوا اور پاکستان بھر میں روزگار کے سینکڑوں مواقع پیدا ہوئے زراعت کے شعبوں میں کسانوں کو ہر قسم کی فنی اور تکنیکی تربیت مہیا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ سالانہ مینگو کانفرنس 2013 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے منڈیوں میں نئے مواقع کی تلاش اور بین الاقوامی توثیق کیلئے آم کے پاکستانی کاشتکاروں کو مدد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آمو کی فروخت میں لگ بھگ 20.05 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی منڈیوں کو اس پھل کی برآمد پانچ گنا بڑھ گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری تجارت قاسم نیاز نے کہا کہ ہم کاشتکاروں کو مدد فراہم کرنے پر حکومت امریکہ کے مشکور ہیں جس سے پھل کی پیداوار اور پاکستانی عوام کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی کیساتھ ایسے تعلقات قائم کرنے کے منتظر ہیں جن کی بنیاد تجارت پر ہو نہ کہ صرف امداد پر۔
یو ایس ایڈ کا فرمز پروگرام پاکستان کے آم کے شعبے میں 58 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے فارموں نے یو ایس ایڈ کیساتھ مل کر کام کرنے پر 16 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔