واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر اوباما کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ پاکستان کو اہم اتحادی سمجھتے ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ ایک مشکل کام ہے، اس کے لیے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں گے۔ وائٹ ہاوس میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں صدر اوباما نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا پرامن انتقال اقتدار خوش آئند ہے۔ امریکا پاکستان کو بہت اہم اسٹریٹیجک پارٹنر سمجھتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت پر بھی تفصیل سے بات کی گئی ہے۔
اوباما کے مطابق نواز شریف پاکستان میں توانائی کے بحران اور بیروزگاری پر بہت پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی خود مختاری کی عزت کرتا ہے، پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام نے ماضی میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے۔ امریکا پاکستان میں دہشت گردی کی وجوہات کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف امریکی اقدامات پاکستان سے بہترتعلق کے لیے ہیں۔ مستحکم افغانستان پاکستان اور امریکا کیلیے ضروری ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان عشروں سے قائم کشیدگی کو کم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوازشریف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہیں لیکن ان کے سامنے مزید چیلنجز بھی ہیں۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان وقتی طور پر سامنے آنے والے تنازعات پر افسوس ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے میں انہوں نے دال اور قیمہ کھایا تھا۔ اس دورے کی یادیں اب بھی انکے ذہن میں ہیں۔