پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل شراکت چاہتا ہے۔ اور پاکستانی بر آمدات بڑھانے کے لئے امریکی تعاون جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر رچرڈاولسن نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون سے پاکستانی پھلوں کی عالمی بر آمدی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے وفاقی دارلحکومت کے نجی ہوٹل میں آموں کی تیسری سالانہ کانفرنس 2013 کے موقع پر کہی۔
ان کا کہنا تھاکہ مینگو ڈپلومیسی کی ٹرم پاک امریکہ تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گی۔تاہم یو ایس ایڈ مشن کے ڈائریکڑ گریگ گوٹلیب نے پاکستانی آموں کی عالمی منڈیوں تک برآمدات کے ساتھ ساتھ ڈرائی مینگو پلپی جوسز سمیت دیگر مصنوعات کیلئے تکینکی معاونت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔جبکہ کانفرنس میں سیکرٹری کامرس قاسم نیاز سمیت آم کی پیداوار سے منسلک کاروباری حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔