لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن نہیں چاہتے۔
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی صاحبزادی کی شادی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حالیہ ڈون حملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں حکمت عملی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کے پی کے کو امن کی ضرورت ہے۔
طالبان قیادت پر ہونے والے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے ڈرون حملوں کے ذریعے امن عمل کو سبوتاژ کر دیا جاتا ہے۔ کے پی کے اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی سے منظوری کے بعد اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں نیٹو سپلائی روکنے کے لیے قرارداد پیش کی جائے گی۔