لاہور (جیوڈیسک) لاہور جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے امداد کی بحالی بغیر سبب نہیں،امریکہ بدلے میں پاکستان سے نئی شرائط منوائے گا۔ لاہور سے جاری بیان میں سید منور حسن کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضے اور امریکی امداد غلامی کے پھندے ہیں۔
حکمرانوں نے کشکول اٹھا رکھے ہیں جس کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا عزت اور وقار نہیں ،جب تک امریکی امداد سے ہم جان نہیں چھڑاتے، آزادی اور خود مختاری داو پر لگی رہے گی، ان کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیا جاتا وہ جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔