امریکا کو مطلوب ایڈورڈ سنوڈن ہانگ کانگ سے ماسکو پہنچ گئے

Snudn

Snudn

ماسکو (جیوڈیسک) امریکا کو مطلوب سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن مبینہ طور پر ہانگ کانگ سے روسی دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ ایرو فلوٹ کی پرواز نمبر ایس یو دو سو تیرہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر دس منٹ پر ماسکو پہنچی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ایڈورڈ سنوڈن اسی پرواز پر سوار تھے۔

ایڈورڈ نے برطانوی اخبار کو بتایا تھا کہ امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی بڑے پیمانے پر فون اور انٹرنیٹ کی نگرانی کر رہی ہے۔ اس کے بعد وہ بیس مئی کو ہانگ کانگ چلے گئے تھے۔ ٹی وی چینل رشیا 24 کا کہنا ہے کہ سنوڈن کے پاس روسی ویزا نہیں ہے اور وہ ہوائی اڈے پر رات گزارنے کے بعد پیر کو کیوبا روانہ ہو جائیں گے۔

ایئر لائن ذرائع نے بتایا کہ کیوبا سے سنوڈن وینزویلا جائیں گے۔ لاطینی امریکہ کے دونوں ممالک کی جانب سے امریکی حکام کی جانب سے حوالگی کی درخواست کا پورا ہونے کا امکان کم ہے۔ یاد رہے کہ امریکی حکام نے ان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کے بعد ہانگ کانگ سے اہلکار کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ ہانگ کانگ میں حکومتی بیان میں کہا گیا کہ ایڈورڈ سنوڈن نے اپنی مرضی سے قانونی طریقے سے ملک چھوڑا ہے۔

امریکا نے ہانگ کانگ سے ایڈورڈ سنوڈن کو امریکا کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے جواب میں ہانگ کانگ کے حکام کا موقف تھا کہ حوالگی کے لیے بھیجے گئے دستاویزات مقامی قوانین کے لحاظ سے نامکمل تھے۔

ہانگ کانگ کی حکومت نے اسی لیے امریکی حکام سے مزید دستاویزات مانگے تھے۔ حکومتی بیان میں مزید کہا گیا چونکہ ہانگ کانگ کی حکومت کے پاس اس وقت ان کی گرفتاری کے لیے عبوری وارنٹ جاری کرنے کے لیے معلومات نا مکمل ہیں، اس لیے انھیں ہانگ کانگ چھوڑنے سے قانونی طور پر نہیں روکا جا سکتا۔