واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں طوفانی بگولے سے لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی ہوائوں کے نتیجے میں ریاست الی نوائے سے اٹھنے والے بگولے سے دس ریاستوں میں 53 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
طوفانی ہوائوں کا سلسلہ اس وقت شکاگو کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں شدید بارشوں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے الی نوائے، کینٹکی اور میزوری کی ریاستوں میں بگولے کے گزرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ادھر حکام کا کہنا کہ متاثرہ علاقوں میں کئی گھرو ں کی چھتیں اڑ گئیں۔
متعدد سائن بورڈ اور درخت بھی گر گئے جس سے کئی اہم شاہراہیں بھی بند ہو گئی ہیں۔ ادھر ان علاقوں میں امدادی کاروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے کئی علاقوں میں مواصلات اور برقیات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔