افغان (جیوڈیسک) افغان رکن پارلیمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور طالبان کا خفیہ گٹھ جوڑ ہوچکا ہے۔ امریکہ طالبان کو فوجی امداد فراہم کر رہا ہے۔ یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو افغانستان میں امریکہ مخالف لہر پیدا ہو جائے گی، زلمے زابولس ایک افغان رکن پارلیمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان خفیہ گٹھ جوڑ ہو چکا ہے اور طالبان کو بڑے پیمانے پر امریکی فوجی امداد دی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان سینٹ کی کمیٹی برائے شکایات کے سربراہ زلمے زابولس نے بتایا ہے کہ جنوبی صوبہ زابل میں امریکی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے طالبان کو چھوٹے اور بڑے ہتھیار بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ امریکہ افغانستان کے حوالے سے دوہرے معیار اور پالیسی پر گامزن ہے۔
فوجی امداد ان طالبان کو دی جا رہی ہے جو افغانستان بھر میں افغان اور اتحادی فورسز پر حملے کرنے میں مصروف ہیں۔ زلمے زابولس نے مزید کہا کہ امریکہ کے طالبان کے ساتھ مذاکرات سے کئی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو افغانستان میں امریکی مخالف لہر پیدا ہو جائے گی۔