یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 38 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ان میں سے 873 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور اب ملک میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 25063 ہوگئی ہے۔
یو اے ای میں روزانہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد تشخیص شدہ کیسوں سے بڑھ گئی ہے اور مزید 1214 افراد تن درست ہوگئے ہیں۔ملک میں اب تک صحت مند ہونے والے مریضوں کی تعداد 10791 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے منگل کے روز کووِڈ-19 کا شکار تین افراد کی وفات کا بھی اعلان کیا ہے۔وہ مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہوگئے تھے۔اب تک یو اے ای میں کرونا وائرس سے 227 افراد کی وفات ہوئی ہے۔
خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) میں شامل چھے ممالک میں سے یو اے ای اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے تیسرے نمبرپر ہے۔ سعودی عرب میں اب تک سب سے زیادہ مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس کے بعد قطر کا نمبر ہے۔اس نے قریباً 35 ہزار کیسوں کی تشخیص کی ہے۔
یو اے ای مشرق اوسط میں پہلا ملک ہے جہاں سب سے پہلے کرونا وائرس کے کسی مریض کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ مریضہ ایک 73 سالہ چینی خاتون تھیں۔ ان میں 29 جنوری کو کرونا وائرس کے مرض میں تشخیص ہوئی تھیں۔اس کے بعد مزید چینی سیاح بھی کووِڈ-19 کا شکار پائے گئے تھے۔
یو اے ای کی حکومت نے فروری اور مارچ میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے تھے،شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کردیا تھا اور مختلف پابندیوں کا نفاذ کیا تھا۔
یواے ای کی حکومت نے حال ہی میں ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن اور پابندیوں میں نرمی کردی ہے لیکن سوموار کو جرمانوں کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے اور کہا ہے کہ بدستور نافذ پابندیوں کی خلاف ورزی کے مرتکبین پر بھاری جرمانے عاید کیے جائیں گے۔
متحدہ عرب امارات نے 20 مئی بدھ سے تاحکم ثانی رات کے کرفیو کے دورانیے میں مزید دو گھنٹے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس کرفیو کا آغاز رات آٹھ بجے ہوگا اور صبح چھے بجے تک جاری رہے گا۔
یو اے ای کی حکومت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 26 مارچ کو صفائی ستھرائی کا قومی پروگرام شروع کیا تھا اور اس پرعمل درآمد کے لیے رات دس بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا تھا۔
اس پروگرام میں یواے ای کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔اس تطہیری پروگرام کے تحت دبئی میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو مصفا کیا گیا ہے اور کیا جارہا ہے۔
ملک میں جاری نظافت کے اس پروگرام کے تحت ریستوران ، باہمی تعاون کی سوسائٹیاں ، روزمرہ استعمال کی دکانیں ، سپرمارکیٹیں اور دوا خانے ہفتے میں سات دن اور 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ اب خریداری مراکز اور مال صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کھلیں رہیں گے۔تاہم 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ افراد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں اور خریداری مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔حکام نے ان خریداری مراکز میں آنے والے افراد کویہ ہدایت کی ہے کہ وہ وہاں دو گھنٹے سے زیادہ دیر تک نہ رُکے رہیں۔