یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں گذشتہ ڈیڑھ ایک ماہ کے بعد پہلی مرتبہ کمی کی اطلاع دی ہے اور 2948 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 12 افراد وفات پاگئے ہیں۔
یواے ای کی وزارت صحت کے مطابق اب تک ملک میں کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 303609 ہوچکی ہے۔ان میں 850 مریض وفات پا چکے ہیں۔کرونا کے مزید 4189 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک کل تشخیص شدہ کیسوں میں سے 276958 تن درست ہوچکے ہیں۔
یو اے ای میں دسمبر کے بعد کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کا رجحان رہا ہے۔اس کے ساتھ ویکسین لگانے کی مہم بھی بڑی تیزی سے جاری ہے اور اب تک تیس لاکھ سے زیادہ افراد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی حکومت نے ایک روز قبل ہی ہفتے کو امارت میں داخلے کے خواہاں افراد کے لیے کرونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں سے متعلق نئے ترمیمی قواعد وضوابط جاری کیے تھے۔ ان کا یکم فروری سوموار سے نفاذ کیا جارہا ہے۔
ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسیس اور ڈیزاسٹرکمیٹی نے کہا ہے کہ یواے ای کے شہریوں اور غیرملکی مکینوں کو پی سی آر کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ ملنے کے 48 گھنٹے کے اندرابوظبی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔جولوگ چاردن یا اس سے زیادہ ابوظبی میں قیام کریں گے، انھیں اپنی آمد کے بعد چوتھے روز لازمی طورپر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔جو لوگ آٹھ روز یا اس سے زیادہ قیام کریں گے،انھیں آٹھویں روز ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
کمیٹی کے مطابق جو شہری اور مکین کرونا وائرس کا ڈیفریکٹو فیزانٹرفرمیٹری (ڈی پی آئی) ٹیسٹ کراتے ہیں، وہ اس کا منفی نتیجہ ملنے کے 24 گھنٹے کے اندرابوظبی میں آسکتے ہیں۔ان میں سے جولوگ 48 گھنٹے یا اس سے زیادہ قیام کریں گے ،انھیں آمد کے تیسرے روز لازمی طور پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔سات دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے والوں کو ساتویں روز ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
کمیٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جو لوگ ٹیسٹ نہیں کرائیں گے،ان پر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔اس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد کرونا وائرس کوپھیلنے سے روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کو مؤثر بنانا ہے۔