یو اے ای کے وزیر خارجہ کی دھمکی حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس

Allama Raja Nasir Abbas

Allama Raja Nasir Abbas

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے متحدہ عرب امارات کے ریاستی وزیر خارجہ ڈاکٹر انور محمود گرگاش کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ یمن کے مسئلہ پر مبہم موقف کی پاکستان کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ اگر کوئی ملک پاکستان کو اپنی کالونی سمجھتا ہے تو وہ قطعی مغالطے میں ہے۔

پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اورزمین حقائق کو مدنظر رکھ کر اپنے فیصلے کرتا ہے کسی دوسرے ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ کا بیان حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ انہیں اب اپنے دوست دشمن کی شناخت کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیئے۔

پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کر کے خلیجی ریاستوں نے اپنی دہشت گردی کے مراکز کو مضبوط کر رکھا تھا۔ ضرب عضب اور دہشت گردی کے خلاف جامع آپریشن کے بعد یہ طاقتیں سخت مایوسی کا شکار ہیں اور انہیں اپنے مذموم ارادوں میں ناکامی واضح دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یو اے ای کے سفیر کو بلا کر وزیر خارجہ کے اس بیان کی سخت الفاظ میں سرزنش کی جائے اور اسے پاکستان کے خلاف اس طرح کے نازیبا اور دھمکی آمیز بیان واپس لینے اور معافی مانگنے پر زور دیا جائے۔