کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے درآمد کردہ 50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول غیرمعیاری نکلا ، انٹرنیشنل ٹینڈر پروسیس کے ذریعے 50 ہزار میٹرک ٹن کا موگیس/ پٹرول امپورٹ کیا گیا، ٹیسٹنگ کے نتائج میں پروڈکٹ کو غیرمعیاری قرار دیا گیا، پروڈکٹ کا ڈسٹیلیشن پوائنٹ 207 ڈگری تھا جبکہ مقررہ معیار 205 ڈگری ہے۔
ٹیسٹ نتائج کی بنیاد پر پروڈکٹ کی آف لوڈنگ نہیں کی گئی تاہم کنٹریکٹ کی ٹرمز اینڈ کنڈیشن کے مطابق پروڈکٹ کو دوبارہ ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے جس کے نتائج بدھ کی شام تک موصول ہو جائیں گے، دوسرے ٹیسٹ کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کیا جائیگا، جہاز مسترد کرنے کی صورت پی ایس او کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں ہوگا۔
کنٹریکٹ کے مطابق پروڈکٹ مستردہونے کی صورت میں سپلائر بغیر کسی اضافی چارجز کے جلد ازجلد ( 3 ہفتے میں) دوسرا جہاز بھجوانے کا پابند ہے، پی ایس او کے پاس پٹرول کا اسٹاک 86 ہزار میٹرک ٹن ہے جو آئندہ 15 دن کیلیے کافی ہے، اس کے علاوہ مزید 2 جہاز 10 سے 12 اپریل اور 20 سے 22 اپریل کے درمیان پروڈکٹ لے کر پاکستان پہنچ جائیں گے، پی ایس او کی جانب سے ملک بھر میں فیول کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔