یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار مزید 17 افرادچل بسے ہیں جبکہ وزارتِ صحت نے اس مہلک وائرس کے 2250 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اب یو اے ای میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 370425 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 1125 مریض وفات پا چکے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے مزید 3684 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے 359697 مریض تن درست ہوچکے ہیں۔
یو اے ای میں گذشتہ جمعہ کو کووِڈ-19 سے سب سے زیادہ 20 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
یو اے ای میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں اور اموات کی تعداد میں اضافے کے باوجود ویکسین لگانے کی مہم بھی زورشور سے جاری ہے اور اس وقت یو اے ای میں ویکسین لگوانے والوں کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) کے مطابق ملک میں گذشتہ بدھ تک 40 فی صد آبادی کو کرونا وائرس کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔اس کے علاوہ ضعیف العمرافراد میں سے 48 فی صد کو ویکسین لگ چکی ہے۔
یواے ای کے حکام شہریوں اور مکینوں پر مسلسل یہ زور دے رہے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کی مفت ویکسین لگوائیں۔اس وقت ملک بھر میں چین کی سائنوفارم کی ویکسین ،امریکی کمپنی فائزر اور برطانوی کمپنی آسٹرازینیکا کی ویکسین مفت مہیّا کی جا رہی ہے۔