یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 108401 افراد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔
یو اے ای کی وزارت صحتِ نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی 50 فی صد سے زیادہ آبادی کو اس مہم کے دوران میں کووِڈ-19 کی ویکسین لگانا چاہتی ہے۔
یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (نسیما) کے مطابق اب تک 1275652 افراد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔اس طرح ملک میں مقیم ہر 100 میں سے 12۰9 افراد کو ویکسین کا پہلا ٹیکا لگ چکا ہے۔
ابوظبی کی شعبہ صحت میں خدمات مہیا کرنے والی کمپنی (صحۃ) نے منگل کے روز دو نئے ویکسین مراکز کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ان میں سے ایک مرکز ابوظبی اور دوسرا دبئی میں قائم کیا گیا ہے۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق صحۃ کے بعض منتخب مراکز میں چینی کمپنی سائنوفارم سی این بی جی کی کووِڈ-19 کی ویکسین بھی لگائی جائے گی۔ابوظبی اور العین میں 35مراکزِ صحت ،العین اور الظفرا میں چھے اسپتالوں،دبئی شہر میں مینا راشد اور خوانیج میں صحۃ کے قومی سکریننگ مرکز اور صنعتی علاقوں میں قائم کردہ سکریننگ سنٹر میں ویکسین کا پہلا ٹیکا لگایا جائے گا۔ان تمام مراکز میں مجموعی طورپر ڈیڑھ لاکھ افراد کو یومیہ ویکسین لگانے کی گنجائش ہوگی۔
یو اے ای نے دسمبر میں متعدد مقامات پر ویکسین لگانے کے مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جہاں مقیم اور اماراتی شہری سائنو فارم کی تیار کردہ کووِڈ-19 کی ویکسین رضاکارانہ طور پر لگواسکتے ہیں۔
سب سے پہلے ابوظبی شہر میں ویکسین لگانے کی مہم کا کا آغاز کیا گیا تھا۔امارت دبئی نے 23 دسمبر کو امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ویکسین مفت لگانے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔
دریں اثنا وزارت صحت نے یواے ای میں منگل کے روز کرونا وائرس کے 3243 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔اس طرح اب تک ملک میں تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 236225 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 210561 تن درست ہوچکے ہیں جبکہ717 مریض وفات پاچکے ہیں۔