امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ خطے میں امن کی طرف اہم پیش رفت ہے: پومپیو

Mike Pompeo

Mike Pompeo

ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والا امن سمجھوتہ خطے میں پائیدار امن کی طرف اہم قدم ثابت ہو گا۔ انہوں‌ نے یہ بات پیر کے روز شروع ہونے والے مشرق وسطی کے دورے کے اختتام پر کل بدھ کے روز ابو ظبی میں اماراتی قیادت سے ملاقات سے قبل کی۔

ابو ظبی پہنچنے پر امریکی وزیر خارجہ کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ متحدہ عرب امارات-اسرائیل معاہدہ 25 سال سے زیادہ عرصے میں مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے کی جانے والی مساعی میں سب سے اہم اقدام ہے۔

انہوں نے علاقائی امن تک پہنچنے کے لیے نئے معاہدے کی رفتار کو بڑھانے کی امید کا بھی اظہار کیا۔

مزید برآں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیک پومپیو نے اماراتی قیادت سے ملاقات میں علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے لیبیا میں مستقل جنگ بندی ، خلیجی خطے کا اتحاد ، اور خطے میں ایران کے “تخریبی” کردار کو محدود کرنے کے لیے مزید موثر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پومپیو نے ابو ظبی میں اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید اور قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید سے ملاقات کی۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے منامہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بحرینی بادشاہ نے خطے میں قیام امن اور “ایرانی مداخلت” کے مقابلے کے لیے امریکا کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ بحرین عرب امن اقدام پر مبنی ایک منصفانہ اور جامع حل کے مطابق فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے خاتمے کی کوششیں‌ جاری رکھے گا۔