ابو ظہبی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات میں خوشیاں پھیلانے اور لوگوں میں برداشت پیدا کرنے کے لیے وزرا کام کریں گے،متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم نے اپنی کابینہ میں وزارت مسرت اور وزارت برداشت بنانے کا اعلان کردیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا ہے کہ وزارت مسرت معاشرے میں اچھائی اور اطمینان لانے کے لیے پالیسیاں بنائے گی جبکہ وزیر مملکت برائے برداشت کا کام معاشرے میں نیکی اور اخلاق کو بطور بنیادی قدر کے پھیلانا ہوگا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی یوتھ نیشنل کونسل بنانے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان مرد و خواتین کا ایک گروپ حکومت کو نوجوانوں کے مسائل سے آگاہ کرے گا جس کا انتظام ایک خاتون وزیر مملکت برائے یوتھ چلائیں گی جن کی عمر 22 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔