یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1046 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ 1154 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔
یو اے ای میں اب کووِڈ-19 کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 101840 ہوگئی ہے۔ان میں 91,710 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔بدھ کے روز اس مہلک وائرس کا شکار ایک اور مریض چل بسا ہے۔وزارتِ صحت کے مطابق یو اے ای میں اب کووِڈ-19 سے اموات کی تعداد 436 ہوگئی ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انفلوئنزا کی ویکسین لگوائیں تاکہ کووِڈ-19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہو اور مراکزِ صحت اور طبی عملہ پر بوجھ میں اضافہ نہ ہو۔
اماراتی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر عمرالحمادی کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا سے بعض لوگوں میں معمولی علامات ظاہر ہوتی ہیں لیکن ضعیف العمر افراد اور دائمی مریضوں میں شدید ردعمل ہوسکتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ’’انفلوئنزا ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقلی کے خصائص میں کرونا وائرس سے مماثلت رکھتا ہے،بالخصوص کھانسنے ، چھینکنے سے گرنے والے ذرّات اور آلودہ جگہ پر ہاتھ لگانے کے بعد منھ یا آنکھوں کو چھونے سے کرونا وائرس ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتا ہے۔‘‘
ڈاکٹر عمرالحمادی نے وضاحت کی ہے کہ نزلے کی ویکسین کروناوائرس سے تحفظ مہیا نہیں کرتی ہے،اس لیے لوگوں کو سماجی میل جول میں مقررہ تجویزی فاصلہ اختیار کرنا چاہیے، چہرے پر ماسک پہننا چاہیے اور دوسری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔