یواے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے 1148 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔یو اے ای کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 17272 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار دو مریض چل بسے ہیں۔اس مہلک وائرس سے وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 594 ہوگئی ہے جبکہ 579 مریض تن درست ہوگئے ہیں۔اب تک یو اے ای میں 177577 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے 159711 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 87635 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یو اے ای میں اکتوبر کے بعد سے کووِڈ-19 کے 1000 سے زیادہ یومیہ مریضوں کی تشخیص ہورہی ہے۔اماراتی حکومت نے کووِڈ-19 کے ٹیسٹوں کے لیے ایک وسیع نظام قائم کررکھا ہے۔اس کے تحت ملک میں روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں۔یو اے ای کی کل آبادی قریباً 98 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔
دریں اثناء ابوظبی کی خدماتِ صحت کمپنی (صحہ) نے کووِڈ-19 کے ناک کے پی سی آر مواد ٹیسٹ کی قیمت کم کرکے 95 درہم (23۰15 ڈالر) کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس فیصلے کا مقصد ٹیسٹوں کی روزانہ تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
صحہ نے ابوظبی اور دبئی سمیت یو اے ای میں ٹیسٹنگ مراکز قائم کررکھے ہیں۔
حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ یو اے ای دنیا میں کرونا وائرس کی وبا سے تیزرفتاری سے بحال ہونے والا ملک ہوگا۔
وہ گیٹکس ٹیکنالوجی شو کے پہلے دن گفتگو کررہے تھے۔ یو اے ای میں اس مہلک وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد اس طرح کا یہ پہلا شو منعقد کیا جارہا ہے اوراس میں لوگوں کو عام شرکت کی اجازت ہے۔یو اے ای نے بھی دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح مہلک وبا پھیلنے کے بعد تمام شو منسوخ کردیے تھے۔