یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 2084 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار دو مریض وفات پا گئے ہیں اور 2210 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
یو اے ای کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 252243 ٹیسٹ کیے ہیں اور ان میں سے مذکورہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس وقت یو اے ای میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 14198 ہے اور ملک میں وبا پھیلنے کے بعد سے کل 468023 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے 1504 مریض وفات پاچکے ہیں۔
یو اے ای میں کووِڈ-19 کی ویکسین لگانے کی مہم بھی زورشور سے جاری ہے اوراب تک ویکسین کی 84 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ملک کی بیشتر ضعیف العمرآبادی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
اماراتی حکومت نے حال ہی میں ماہ صیام کے دوران میں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے نئے اقدامات کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
رمضان المبارک کے آغاز کا انحصار نئے چاند کی رؤیت پر ہے اور توقع ہے کہ 13 یا 14 اپریل کو اس ماہ مقدس کا آغاز ہوگا۔اس ماہ کے دوران میں افطار کی اجتماعی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور مساجد میں مسلمان بڑی تعداد میں اجتماعی طور پر نماز تراویح ادا کرتے ہیں۔
یو اے ای کی وزارت صحت کے جاری کردہ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں ہرکسی کو خاندانی اجتماعات منعقد کرنے اور ان میں شرکت سے گریز کرنا چاہیے۔اس کے علاوہ خاندان سے باہر کے افراد سے کھانے کے تبادلے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔
حکومت نے مساجد کے باہر اجتماعی افطار کے خیمے لگانے اور کھانے تقسیم کرنے یا عوامی مقامات پر افطارخیموں کے انتظام پر سختی سے پابندی عاید کردی ہے۔اس کے علاوہ ریستورانوں کو بھی کھانے تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔