یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزا کے حامل پاکستان سمیت دیگر ممالک سے ویکسین شدہ افراد پر سفری پابندی ختم کر نے کا اعلان کر دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے جمعے کو اعلان کیا کہ معطل شدہ ممالک کی فہرست میں سے وہ رہائشی جنہیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی منظور شدہ ویکسین لگ چکی ہے وہ 12 ستمبر سے واپس آسکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اُن ممالک کےافراد جن کے پاس متحدہ عرب امارات کا رہائشی ویزا ہے اور وہ جو گزشتہ 6 مہینوں سے دوسرے ملک میں رہائش پزیر تھے، اتوار سے متحدہ عرب امارات واپس آسکتے ہیں۔
ان ممالک میں بھارت ، پاکستان ، بنگلا دیش ، نیپال ، سری لنکا ، ویتنام ، نمیبیا ، زیمبیا ، کانگو ، یوگنڈا ، سیرالیون ، لائبیریا ، جنوبی افریقا، نائیجیریا اور افغانستان شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ٹوئٹر پر کہا کہ رہائشی افراد کو واپسی کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے منظوری لینا ضروری ہے جبکہ مختلف پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہیں ۔