یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے کووِڈ-19 کے 1520 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے، پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار سات مریض چل بسے ہیں جبکہ 1468 صحت یاب ہو گئے ہیں۔
یواے ای میں شامل سات امارتوں میں حکام نے گذشتہ 24 گھنٹے میں 299363 ٹیسٹ کیے ہیں اور ان سے مذکورہ نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
یواے ای کی نیشنل ڈیزاسسٹر ایمرجنسی کرائسیس اور مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک 648702 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے۔ان میں 1860 مریض وفات پاگئے ہیں اور 626800 صحت یاب ہوچکے ہیں۔اس وقت امارات میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 19997 ہے۔
این سیما کے مطابق یواے ای میں دسمبر 2020ء سے اب تک کرونا وائرس کی ویکسین کی ایک کروڑ 58 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
بلومبرگ نے گذشتہ ہفتے اطلاع دی تھی کہ یو اے ای دنیا بھر میں ویکسین کی سب سے تیز مہم چلانے والاملک بن گیا ہے اوراب تک یہاں فی کس کے اعتبار سے سب سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے اور اس نے سیچیلس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے
اماراتی حکومت نے اسی ہفتے امریکا کی دواساز فرم ماڈرنا کی تیار کردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی بھی منظوری دی ہے۔یواے ای میں یہ پانچویں ویکسین ہے جو اب ہنگامی طور پر لوگوں کو لگائی جائے گی۔
وام کے مطابق ماڈرنا کی ویکسین کی منظوری کا فیصلہ کلینکی جانچ کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مقامی سطح پر اس کا ہنگامی استعمال کے لیے جائزہ بھی لیا گیا ہے۔امریکا کی خوراک اورادویہ انتظامیہ (ایف ڈی اے) ماڈرنا کی ویکسین کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔
اماراتی حکام نے حال ہی میں جن افراد کو اس سے پہلے چین کی ساختہ سائنوفارم ویکسین کے دونوں انجیکشن لگائے جاچکے ہیں،انھیں تقویت کے طور پر تیسرا انجیکشن لگانے کی بھی منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ حاملہ خواتین کو فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔