یو اے ای: کووِڈ-19 کے مریضوں میں قدرے کمی،24 گھنٹے میں 2687 نئے کیس ریکارڈ

UAE Corona Cases

UAE Corona Cases

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت و روک تھام (ایم او ایچ اے پی) نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 2687 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔

وزارت کے مطابق اب متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ کیے گئے کیسوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 777,584 ہوگئی ہے۔ وائرس سے کسی مریض کی وفات کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹےکے دوران میں کووِڈ-19 کے 405,418 اضافی ٹیسٹ کیے ہیں۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں ملک بھرمیں قریباً تیس لاکھ پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

یواے ای میں کووِڈ-19 کا شکار 902 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 750,156 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں اموات کی کل تعداد 2170 ہے۔

جمعرات کو کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ بدھ کو 2708 کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔

کووِڈ-19 کے کیسوں میں حالیہ اضافے کے تناظر میں متحدہ عرب امارات نے ویکسین لگانے کی مہم بھی تیز کردی ہے۔وہ دنیا میں ویکسین لگانے کی فی صد شرح کے اعتبار سے دنیا کے اولین ممالک میں سے ایک ہے۔

دریں اثناء ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسِس اور ڈیزاسٹرز کمیٹی نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ امارت میں جن سرکاری ملازمین کو کووِڈ-19 کے خلاف ویکسین لگائی جاچکی ہے،اب انھیں کام کی جگہوں میں داخل ہونے کے لیے اضافی تقویتی خوراک لگوانا ہوگی۔

امارت ابوظبی میں یہ نئے قواعد 10 جنوری سے نافذالعمل ہوں گے نیزسرکاری شعبے کے ملازمین کو ہر سات دن کے بعد مفت پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔طبی عوارض میں مبتلا سرکاری ملازمین پران قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا۔