یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 سے 15 افراد چل بسے ہیں۔ملک میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد یہ ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اب یو اے ای میں کووِڈ-19 سے ہلاکتوں کی تعداد 1001 ہوگئی ہے۔حالیہ ہفتوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے مزید 3589 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے 326780 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے حکام گذشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 2631 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اب یواے ای میں کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 345605 ہوگئی ہے۔
یواے ای میں نئے سال کے آغاز کے بعد سے کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے،اس کی بڑی وجہ دبئی میں غیرملکی سیاحوں کی کثیرتعداد میں آمد اور لوگوں کاحفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنا ہے۔
دبئی کی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل علوی الشیخ علی نے کہا ہے کہ ’’حال ہی میں جب کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ شروع ہوا تو صحت نظام نئے متاثرہ افراد کے لیے گنجائش پیدا کرنے میں کامیاب رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ دبئی میں آج ہر مریض کو بلاتعطل علاج ومعالجے کی سہولت مہیا ہوتی رہے۔‘‘
یواے ای کے حکام شہریوں اور مکینوں پر مسلسل یہ زور دے رہے ہیں کہ وہ کروناوائرس کی مفت ویکسین لگوائیں۔اس وقت ملک بھر میں چین کی سائنوفارم کی ویکسین ،امریکی کمپنی فائزر اور برطانوی کمپنی آسٹرازینیکا کی ویکسین مفت مہیّا کی جارہی ہے۔