انگلینڈ میں سابق وزیراعظم ونسٹن چرچل کی جائے پیدائش بلنھایم پیلس میں نصب 18 قیراط خالص سونے سے بنا ٹوائلٹ چوری ہو گیا۔
ایک اطالوی آرٹسٹ موریزیو کیٹیلان کا تیار کردہ پوری طرح سے قابل استعمال مذکورہ ٹوائلٹ نمائش کی وجہ سے وہاں لگایا گیا تھا جو کہ جمعرات سے شروع ہونا تھی۔
بلنھایم پیلس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اطالوی آرٹسٹ کے مطابق ٹوائلٹ “امریکا” کی مالیت 50 لاکھ امریکی ڈالرز سے زیادہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہفتے کی صبح چار بجکر 57 منٹ پر چوری کی اطلاع ملی جب کہ چور اس سے 7 منٹ پہلے واردات کر کے جا چکا تھا۔
پولیس نے اس حوالے سے ایک 66 سالہ شخص کو گرفتار بھی کیا ہے تاہم ابھی تک ٹوائلٹ نہیں مل سکا ہے۔
سونے سے بنا مذکورہ ٹوائلٹ 27 اکتوبر پر پیلس میں نمائش کے لیے موجود رہنا تھا۔