لندن (جیوڈیسک) برطانیہ بھر میں بلدیاتی اور یورپی الیکشنز کی انتخابی مہم اب سے کچھ دیر میں ختم ہوجائے گی اور انتخابات کے نتائج اگلے برس پارلیمانی انتخابات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ان الیکشنز میں سیکڑوں پاکستانی نثراد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ لوکل اور یورپی الیکشنز کے لیے ووٹنگ صبح سات بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گی۔
یورپی پارلیمنٹ کی سات سو چھیاسٹھ نشستوں میں سے برطانیہ کی تہترنشستیں ہیں جبکہ انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کی ایک سوبہتر کونسلوں پر بھی مقابلہ ہے۔ انگلینڈ کی ایک سو اکسٹھ کونسلوں کے الیکشن ہوں گے جس میں 23 ملین ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سن دوہزار دس کے لوکل الیکشنز میں ٹرن آؤٹ تریسٹھ اعشاریہ پانچ فیصد تھا اور ان الیکشنز پر 2 سو 22 ملین پاؤنڈ کے اخراجات ہوئے تھے۔
عام طورپر لوکل الیکشن مئی کی پہلی جمعرات کو کیے جاتے ہیں لیکن اس بار یورپی پارلیمنٹ کے الیکشنز کی وجہ سے دونوں انتخابات ایک ساتھ کیے جارہے ہیں۔