ویانا، اسلام آباد (کرم باجوہ) برطانیہ میں مقیم راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر اور ادیب انور جمال فاروقی کا نیا شعری مجموعہ ’’زلف، گھٹا اور شام‘‘ شائع ہو گیا ہے جس پر ملک کے ممتاز شعراء، دانشوروں اور ادیبوں نے اپنی تحریروں میں اُن کی شاعری کو نئے عہد کے کلام سے تعبیر کیا ہے۔ اُن شعراء کا کہنا ہے کہ انور جمال فاروقی نے خود کو پیش آنے والے زندگی کے مصائب و آلام کا تذکرہ بھی غیر محسوس انداز اور خوبصورت لفظوں میں کیا ہے۔
اُن کی شاعری کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں سہیل وڑائچ ، صابر رضا، نجیب احمد، سید اختر ، وقار عظیم، طاہر حنفی، طاہر چوہدری، بریگیڈئیر (ر) وقار راجہ، ڈاکٹر صغرا صدف اور انیلا شاہین شامل ہیں۔ زلف، گھٹا اور شام کی تقاریب رونمائی مانچسٹر، برمنگھم اور لندن میں ہوں گی۔ جبکہ راولپنڈی ۔اسلام آباد میں بھی تقریب کی تیاری کی جارہی ہے۔