برطانوی (جیوڈیسک) شہزادی کیٹ ایک بیٹے کی ماں بن گئیں، شاہی خاندان کو تیسرا ولی عہد مل گیا ہے۔ برطانوی عوام اور شاہی خاندان کا انتظار آخر کار ختم ہوا اور مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 24 منٹ پر شہزادی کیٹ نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔ بچے کا وزن آٹھ پونڈ چھ اونس ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی پیدائش تیرہ جولائی کو متوقع تھی۔ بچہ لندن کے سینٹ میری ھسپتال میں پیدا ہوا۔ یہ وہی ھسپتال ہے جہاں کیٹ کے شوہر شہزادہ ولیم پیدا ہوئے تھے۔ بچے کی پیدائش کیوقت شہزادہ ولیم ھسپتال میں موجود تھے۔
ترجمان بکنگھم پیلس کے مطابق ملکہ ایلزبتھ اور شہزادہ فلپ پڑپوتے کی پیدائش پر خوش ہیں جبکہ دادا شہزادہ چارلس نے بھی پوتے کی پیدائش پرخوشی کا اظہار کیا ہے۔ ھسپتال کے ترجمان کے مطابق زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ شہزادی کیٹ ایک رات ھسپتال میں گزاریں گی۔ شہزادہ ولیم کا بیٹا برطانوی تخت کے وارثوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہو گا۔
اس وقت شہزادہ چارلس کے بعد ان کے بیٹے شہزادہ ولیم تخت کے وارث ہیں۔ شہزادہ ولیم کے بعد ان کے چھوٹے بھائی ہیری وراثت میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم، اب نومولود نے ان کی جگہ لے لی ہے۔ شہزادہ ولیم کا بیٹا ایک دن دولت مشترکہ اور برطانوی فوج کا سربراہ بھی بنے گا۔ برطانوی شاہی خاندان میں نئے مہمان کی آمد کی خبر دینے کے لئے ھسپتال کے باہر دنیابھر کا میڈیا جمع ہے۔ لندن میں ھسپتال اور شاہی محل کے باہر جشن کا سما ں ہے۔