لندن (جیوڈیسک) کیتھرین سینٹ میریز ہسپتال کے اسی لنڈو ونگ میں اپنی اولاد کو جنم دیں گی جہاں خود ان کے شوہر شہزادہ ولیم اور ان کے بھائی شہزادہ ہیری پیدا ہوئے تھے۔ لندن برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی خاندان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کو ہسپتال لے جایا گیا ہے کیونکہ کیٹ میڈلٹن حاملہ ہیں اور انھیں ابتدائی درد زہ کی حالت کے بعد پیڈنگٹن کے علاقے میں واقع سینٹ میریز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ کیٹ کو بذریعہ کار ہسپتال لے جایا گیا اور اس موقع پر شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ہسپتال کے اردگرد سخت حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ جس وارڈ میں شہزادی کو رکھا گیا ہے اس کے داخلی دروازے پر بھی دو پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ شاہی جوڑے کے ہاں ہونے والی اس پہلی اولاد کی جنس معلوم نہیں اور شاہی وراثت کے قانون میں تبدیلی کے بعد اب یہ لڑکا ہو یا لڑکی وہ برطانوی تخت کے دعویداروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہوگا یا ہوگی۔
شاہی محل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیزیں معمول کے مطابق آگے بڑھ رہی ہیں اور اگلا سرکاری اعلان ممکنہ طور پر پیدائش کے بعد ہی ہوگا۔ سرکاری طور پر یہ معلومات نہیں دی گئی تھیں کہ کیٹ کب بچے کو جنم دینے والی ہیں، اگرچہ یہ مانا جا رہا تھا جولائی کے وسط تک ایسا ہو سکتا ہے۔ واضع رہے کہ پرنس ولیم دو ہفتے کی چھٹی پر اپنی اہلیہ کیٹ کے ساتھ ہیں۔ ان دونوں کی شادی اپریل 2011 میں ہوئی تھی۔