کیف (جیوڈیسک) یوکرین میں تباہ ہونے والے ملائشین طیارے میں سوار 298 افرادموت کی آغوش میں چلے گئے ، ہلاک ہونے والوں کی کچھ یادگار تصاویر منظر عام پر آگئی ہیں۔
یہ لمحات طیارے کے اڑان بھرنے سے کچھ دیر پہلے کے ہیں، جب زندگی ہر طرف رواں دواں تھی، کسی کو گھر چھوڑنے کا غم تھا، تو کسی کو اپنوں سے ملنے کیلئے جانے کی خوشی، پر کسی کو کیا معلوم تھا کہ زندگی اب سے کچھ دیر بعد ہی تمام ہو جائے گی۔
اور یہ سفر آخری سفر بن جائے گا۔ یوکرین کی سرزمین پر بد قسمت طیارے کا ملبہ کئی کلو میٹر دور تک بکھرا ہوا ہے، جس میں کہیں بچوں کے کھلونے اداس پڑے ہیں، تو کہیں کپڑے، کتابیں اور دیگر اشیا۔
یہ ہنستی مسکراتی تصویریں فٹ بال کے ان فینز کی ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں، سالگرہ مناتا یہ خاندان بھی اسی طیارے میں محو پرواز تھا، روشن چہرے اورزندگی سے بھرپور ان بچوں کی مسکراہٹیں اب تصویروں میں صرف ایک یاد بن کر رہ گئی ہیں۔ طیارے کے حادثے میں نہ صرف 298 زندگیاں ختم ہو گئیں بلکہ اتنے ہی خاندان اپنے پیاروں سے جدا ہو گئے جو اس وقت غم سے نڈھال ہیں۔