کیو (جیوڈیسک) یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں جاری حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے، پولیس نے مظاہرین کا کیمپ اکھاڑ پھینکا، جھڑپوں میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، جھڑپوں میں اس وقت شدت پیدا ہوگئی جب پولیس نے ،’انڈیپنڈنس اسکوائر، پر لگائے جانے والے اپوزیشن کے کیمپ کو اکھاڑ پھینکا۔ اس کے باوجود 25 ہزار سے زائد مظاہرین نے اسکوائر خالی کرنے سے انکار کر دیا اور اپنا احتجاج جاری رکھا۔
مظاہرین نے کیف کے سٹی ہال پر بھی قبضہ کر رکھا ہے۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پیٹرول بم پھینک کر ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ یورپی یونین، امریکا اور نیٹو کی جانب سے یوکرائن میں جاری جھڑپوں میں شدت اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مظاہرین صدر وکٹر یانکووچ کے اختیارات کم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یوکرائن میں حکومت مخالف مظاہرے گذشتہ سال نومبر میں اس وقت شروع ہوئے جب صدر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ تجارتی معاہدے کو ترجیح دی تھی۔