یوکرین کریمیا میں فوجی مداخلت نہیں کرے گا، عبوری صدر الیگزینڈر ٹرچینوو

Alexander

Alexander

کیف (جیوڈیسک) یوکرین کے عبوری صدر الیگزینڈر ٹرچینوو کا کہنا ہے کہ ان کی فوج کریمیا کی علیحد گی کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔ یوکرین کے عبوری صدر الیگزینڈر ٹرچینوو کا کہنا تھا کہ کریمیا کی جانب سے آزادی اور روس میں شامل ہونے کے حوالے سے ریفرنڈم کے اعلان کے بعد یوکرین کی فوج کی جانب سے کارروائی کی گئی تو ملک کی مشرقی سرحد خالی ہو جائے گی جہاں روس کے فوجی ٹینک پہلے ہی موجود ہیں، اگر ہم نے کریمیا پر حملہ کیا تو ہماری مشرفی سرحد غیر محفوظ ہو جائے گی۔

یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ کریمیا کی جانب سے اشتعال انگیز ی پھیلائی جا رہی ہے تا کہ یوکرین کی فوج چڑھائی کرے اور روس کو ہم پر حملے کا موقع مل جائے لیکن ہم موجودہ صورت حال میں ایسا کچھ نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کریمیا کی روس نواز خود ساختہ حکومت کی جانب ریفرنڈم کا اعلان انتہائی شرمناک ہے، بدقسمتی سے روس نے یوکرین کے تنازعے کے سفارتی حل کو مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے کا کہنا ہے کہ یوکرین کے صدر وکٹر یانوکووچ کی معزولی کے بعد کیف کی عبوری حکومت نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، امریکا یوکرین کی عوام اور وہاں کے قوانین کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کی پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ یورپی یونین کے ساتھ معاہدے پر روس کو ترجیح دینے پر صدر وکٹر یانوکووچ کو معزول کر کے عبوری حکومت قائم کر دی تھی جس کے بعد سے امریکا اور روس کے درمیان شروع ہونے والی سرد جنگ میں شدت آتی جا رہی ہے۔