یوکرائن بحران کا ڈراپ سین‘ کریمیا میں 16 مارچ کو ریفرنڈم ہو گا

Ukraine Crisis

Ukraine Crisis

کیف (جیوڈیسک) یوکرائن بحران کے بعد آزادی کا اعلان کرنے والی ریاست کریمیا میں روس کیساتھ الحاق کے حوالے سے ریفرنڈم 16 مارچ کو ہو گا۔ کریمین وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ 80 فیصد عوام روس کے حامی اور یوکرائن سے اپنی جان چھڑانا چاہتی ہیں جبکہ یوکرائن نے کریمیا کو بچانے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کریمیا کے وزیراعظم سرگئی اکیستووف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 16 مارچ کو ہونے والے ریفرنڈم سے قبل ریاست بھر میں سروے کروایا گیا ہے جس میں 80 فیصد لوگوں نے روس کیساتھ الحاق کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم میں دو آپشن شامل ہیں جن میں پہلا آپشن روس کیساتھ الحاق اور دوسرا یوکرائن کیساتھ وابستگی برقرار رکھنا ہے۔ امید ہے کہ عوام کل ہونے والے ریفرنڈم میں پہلا آپشن استعمال کریں گے۔ دوسری جانب یوکرائن نے کریمیا کو بچانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

تمام سرکاری اور معروف ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں جن میں لوگوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ ملک کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کیلئے کی جانے والی سازش سے دور رہیں اور ایسی کوئی غلطی نہ کریں جس سے ملک کی خود مختاری کو آنچ آئے۔