یوکرین (جیوڈیسک) یوکرین میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کے ایک دن بعد ملک کے جنوب مشرقی شہر مریوپول میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ اس نے شہر کے مشرقی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
اس سے قبل یوکرین اور روس کے صدور نے کہا تھا کہ مشرقی یوکرین میں جنگ بندی بہت حد تک برقرار ہے دوسری جانب بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ باغیوں کے قبضے والے شہر لوہانسک کے لیے روانہ کیے جانے والے ٹرک گولہ باری کی وجہ سے واپس ہو گئے ہیں۔
جنگ بندی کے معاہدے پر یوکرین، روس، یورپی سکیورٹی تعاون تنظیم (او ایس سی ای) اور روس نواز باغیوں کے نمائندوں کے درمیان بیلاروس میں بات چیت کے بعد دستخط کیے گئے تھے۔ جنگ بندی پر عملدرآمد کا وقت جمعے کو گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق دن کے تین بجے رکھا گیا تھا۔