واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے روس سے جنگ کے لیے یوکرین کو لڑاکا طیارے بھیجنے پر کام شروع کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ یوکرینی صدر کی اپیل پر لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے لیے پولینڈ سے بات چیت کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ یوکرین کو لڑاکا طیاروں کی فراہمی کی حتمی تاریخ نہیں بتا سکتے تاہم اس پر پولینڈ کے ساتھ برق رفتاری سے کام کر رہے ہیں۔
کئی عالمی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور پولینڈ مشترکہ طور پر سویت یونین دور کے پولینڈ کے جنگی طیارے یوکرین کو دینے پر کام کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بھی عالمی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پولینڈ سمیت نیٹو اتحادیوں کے ساتھ یوکرین کو طیاروں کی منتقلی کے ذرائع پر بات چیت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یوکرین کی فضائیہ کے پائلٹس سویت یونین کے دور کے طیاروں کو چلانے کی تربیت رکھتے ہیں تاہم پولینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک کو ایف-16 کی منتقلی میں لاجسٹک مسائل کا سامنا ہے۔
قبل ازیں امریکی سینیٹر نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی فونک گفتگو میں ان سے مطالبہ کیا کہ روس سے جنگ کے لیے یورپی ممالک ہمیں جنگی طیارے فراہم کرے۔