کیف / ماسکو (جیوڈیسک) مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں 24گھنٹوں کے دوران5 فوجیوں سمیت 24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ روس نے پابندیوں کے جواب میں امریکا کے 4 شہریوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
ڈونستک کے ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز پر ہونے والی بمباری میں 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 5 فوجی اور باقی تمام عام شہری ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری طرف یوکرینی فوج کے ترجمان کے مطابق باغیوں کے زیر قبضہ شہر ڈونستک میں 7شہری جمعرات کے رات گئے اور 5 جمعہ کی صبح ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہوگئے جبکہ 25 فوجی اور درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں ابھی بھی سخت لڑائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ 9 ماہ سے جاری لڑائی میں اب تک 5 ہزار 100 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ امریکا کی جانب سے روس پر پابندیاں لگانے اور روسی شہریوں کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعدروسی وزارت خارجہ نے4 امریکی شہریوں کو بلیک لسٹ کردیا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے روسی افسروں پر فراڈ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر نام نہاد فہرست تیار کی تھی جس کے بعد امریکا میں مقیم روسی شہریوں کے اثاثے منجمد کرکے امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی گئی تھی۔ روس نے بھی رد عمل میں امریکی شہریوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ روسی حکام نے بتایا کہ امریکی ایما پر ایک روسی شہری کو مالدیپ میں بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔