یوکرائن: مذاکرات کی نا کامی کے بعد پولیس کا مظاہرین پر دھاوا،21 افراد ہلاک

Protesters

Protesters

کیو (جیوڈیسک) یوکرائن میں صدر وکٹر یونکووچ اور اپوزیشن رہنماوں کے درمیان مذاکرات نا کام ہونے کے بعد پولیس نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا۔ پُر تشدد واقعات میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ صدر نے ہلاکتوں کا ذمہ دار اپوزیشن کو ٹھہرا دیا۔

یوکرائن میں جاری بحران پر صدر اور اپوزیشن رہنماوں کے درمیان مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔ صدر نے مظاہرین کو اپنے گھروں کو لوٹنے کے لیے کہا ہے۔ پولیس نے دارالحکومت کیو میں مظاہرین کا صفایا شروع کر دیا جس کے بعد مظاہروں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔ مظاہرین نے شہر لویو میں ایک فوجی اڈے کا گھیراو کر لیا۔

حملوں میں 30 سے زائد فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کیو کی سڑکوں پر مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے تازہ دم دستے کیو کے یورپئین اسکوائر میں پہنچ رہے ہیں۔

اقوام متحدہ، امریکا اور یورپی یونین نے جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے تمام فریقن مسائل کا حل مذاکرات سے تلاش کریں۔