یوکرائن کی پاکستان سے اخلاقی مدد کی اپیل

Ukraine

Ukraine

اسلام آباد (جیوڈیسک) یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف کا کہنا ہے کہ یوکرائن میں روس کی جارحیت ناصرف یورپ بلکہ پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے، پاکستان، یوکرائن کی اخلاقی مدد کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یوکرائن پاکستان کو ترقی کے منازل طے کرنے میں مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پاور سیکٹر میں یوکرائن کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ ان کا ملک اس وقت یورپ کے متعدد ممالک میں بجلی برآمد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن میں روس کی جارحیت ناصرف یورپ بلکہ پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے، موجودہ حالات میں یوکرائن کو پاکستان کی جانب سے مدد کی امید ہے۔

تاہم اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ملک پاکستان سے عسکری نہیں بلکہ اخلاقی مدد کی امید کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جارحیت کا جواب دنیا کے تمام ممالک کو دینا ہوگا، روس اس بات کو ہضم نہیں کر پا رہا کہ یوکرائن ایک آزاد ریاست ہے۔یوکرائنی سفیر نے کہا کہ کریمیا کے الحاق کے لیے کیے گئے ریفرنڈم میں صرف 32 فیصد عوام نے حصہ لیا۔