یوکرائن کے صدر کا ایک ہفتے کے لیے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان

Ukraine,

Ukraine,

کیف (جیوڈیسک) یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے ملک کے مشرقی علاقوں میں روس نواز مسلح باغیوں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے ایک ہفتے کیلئے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

صدر پیٹرو پوروشنکو نے حلف اٹھانے کے بعد پہلی دفعہ باغیوں کے زیر قبضہ شہر ڈونٹیسک کے قریب واقع ایک فوجی اڈے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدر پیٹروپوروشنکو نے کہا کہ جنگ بندی کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنی فوج کے خلاف جارحیت کا جواب نہیں دیں گے۔

بلکہ اس کا مقصد باغیوں کو ہتھیار ڈالنے کیلئے وقت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کی خاطر کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دو روز قبل صدر پیٹروپوروشنکو نے بحران کے خاتمے کیلئے 14 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا۔

اور اس موضوع پر انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلیفون پر بات بھی کی تھی۔ روس نے یوکرائن کے صدر کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امن اور مذاکرات کی طرف دعوت کے بجائے ایک الٹی میٹم ہے۔

ایک سینئر باغی کمانڈر کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے جب تک یوکرائنی فورسز مشرقی علاقے سے نکل نہیں جاتیں۔یاد رہے کہ بعض اطلاعات کے مطابق باغیوں کیلئے باہر سے اسلحہ آ رہا ہے ۔