یوکرین: صدارتی انتخاب میں پیٹرو پروشینکو کا کامیابی کا دعویٰ

Ukraine

Ukraine

یوکرین (جیوڈیسک) میں معروف کاروباری شخصیت اور کنفکشنری کے بڑے تاجر پیٹرو پروشینکو نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کر دیا ہے۔ ایگزٹ پولز یعنی پولنگ سٹیشنوں پر کیے گئے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ پروشنکو نے تقریباً 55 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے 48 سالہ تاجر کا کہنا تھا وہ یورپی یونین کے ساتھ قریب تر تعلقات مرتب کریں گے اور خطے میں امن قائم کریں گے۔ تاہم یوکرین کے مشرق میں موجود روس حامی علیحدگی پسندوں نے صدارتی انتخاب کی مخالفت کرتے ہوئے ووٹنگ میں خلل ڈالنے کی دھمکی دی تھی۔

یوکرین میں حالیہ دنوں حکومتی افواج اور باغیوں میں ہونے والی لڑائی میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک مشرقی علاقے دونیتسک اور لوہانسک میں ہونے والے پر تشدد واقعات نے انتخابات کی تیاریوں کو بہت حد تک متاثر کیا ہے۔ ان علاقوں میں کوئی پولنگ سٹیشن بھی ووٹروں کے لیے کھولا نہیں گیا۔ واضح رہے کہ فروری میں سابق صدر کی روس نواز پالیسیوں کے خلاف عوامی مظاہروں کے نتیجے میں یانوکووچ کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔