یوکرین کے مسئلے پرجی سیون ممالک کی روس کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنے کی دھمکی

Brussels

Brussels

برسلز (جیوڈیسک) طاقتور مغربی ممالک کی تنظیم جی سیون نے دھمکی دی ہے کہ اگر روس یوکرین میں مداخلت سے باز نہ آیا تو اسے مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

روس کے جی 8 ممالک کی تنظیم سے بیدخلی کے بعد پہلی مرتبہ بیلجیم کے شہر برسلز میں جی سیون تنظیم کے رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں امریکی صدر بارک اوباما، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے علاوہ دیگر رہنما شریک تھے۔

اس موقع پر مغربی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یوکرین میں روس کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں اور ان کا خاتمہ ہونا چاہیے اگر روسی مداخلت ختم نہ ہوئی تو اس پر مزید سخت پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

جی سیون ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے موجودہ حالات میں یوکرین کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا اور جی سیون ممالک سیاسی اور اقتصادی طور پر یوکرین کے ساتھ کھڑی ہیں جبکہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ روس پر اضافی پابندیوں پر جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے کہا کہ ماسکو حکومت نو منتخب یوکرینی صدر پوروشینکو کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے، روسی صدر نے کہا کہ وہ امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ بھی یوکرین کے معاملے پر بات چیت کے لئے تیار ہیں تاہم واشنگٹن کی جانب سے یوکرین میں فوجی مداخلت کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔