یوکرین: مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں دوسرے روز بھی جاری

Ukraine Protest

Ukraine Protest

کیو (جیوڈیسک) یوکرین میں حکومت مخالف مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں، یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو بچانے کیلئے بات چیت اور مفاہمت کو ترجیح دیتے ہیں، انھوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ فسادات کا حصہ نہ بنیں۔

یوکرین میں جاری فسادات پر پہلی بار سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے صدر وکٹریا نکووچ نے خبردار کیا کہ مظاہرین کی جانب سے حکومت اور فورسز کیخلاف پْر تشدد واقعات سنگین جرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے ملک کو بچانے کے لیے وہ مذاکرات اور مفاہمت کو ترجیح دیتے ہیں اور عوام سے درخواست کر تے ہیں کہ وہ فسادات کا حصہ نہ بنیں، فسادات سے ملک اور سوسائٹی تقسیم ہو رہی ہے۔

کیو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ کی سخت سردی کے باوجود مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔ یوکرین اپوزیشن کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات محدود کر کے یورپی یونین سے تعلقات بڑھائے جائیں۔